اسلام آباد (سحر نامہ) پارلیمانی قائمہ کمیٹی میں محکمہ موسمیات کی غلط پیش گوئیوں کا معاملہ زیر بحث آیا تو اراکین کمیٹی نے حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
کمیٹی کے ایک رکن نے شکوہ کرتے ہوئے کہا:محکمہ موسمیات کی زیادہ تر خبریں غلط نکل آتی ہیں۔ ایک بار چار دن تک بارش کی پیش گوئی کی گئی لیکن ایک قطرہ بارش بھی نہیں ہوئی۔
رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بھی طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا:جس دن محکمہ موسمیات کہتا ہے کہ آج بارش نہیں ہوگی، اسی دن بارش ہوجاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے محکمہ موسمیات کے حکام سے درست اور قابل اعتماد پیش گوئیوں کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ غلط اطلاعات سے عوام کو مشکلات اور بے اعتمادی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ سسٹمز کے باوجود محکمہ موسمیات کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے تاکہ پیش گوئیوں پر اعتماد بحال ہو سکے۔
