ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کی تیاری،

 



سحر نامہ(خصوصی رپورٹ)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری میں ملوث جیولرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر سے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے، تاہم ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ محض 10 ہزار 524 افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں۔

پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے جیولرز کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر پنجاب کے 900 جیولرز کو نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں تاکہ ان سے ان کی آمدنی اور جمع کرائے گئے ٹیکس کے بارے میں وضاحت لی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیولرز کی آمدنی اور ان کے کاروباری حجم میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔ ان کی دکانیں، روزانہ کی خرید و فروخت اور طرزِ زندگی جمع شدہ ٹیکس ریٹرنز سے میل نہیں کھاتا۔ کئی ہزار جیولرز تاحال ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہو رہے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق کسی بھی تاجر یا صنعت کار کو بلاوجہ نوٹسز جاری نہیں کیے جائیں گے۔ مقصد یہ ہے کہ تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے تاکہ معیشت کو دستاویزی شکل دی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے اگر ہر شہری اپنی حقیقی آمدنی کے مطابق ایمانداری سے ٹیکس ادا کرے تو ملک کے نظام کو بہتر انداز میں چلایا جا سکتا ہے۔

یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ ایف بی آر ٹیکس چوری کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مستقبل قریب میں مزید شہروں اور کاروباری حلقوں پر بھی کریک ڈاؤن متوقع ہے۔



ایک تبصرہ شائع کریں

خوش آمدید سحر نامہ

جدید تر اس سے پرانی

سلسلہ وار خبریں