سعودی عرب میں نومولود کی روایت ’’سَبعی‘‘ آج بھی زندہ
ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں نومولود کی پیدائش کے ساتویں دن منائی جانے والی تقریب ’’سَبعی‘‘ (sabi) آج بھی خاندانی و سماجی رشتوں کو جوڑے رکھنے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
اس موقع پر بچے کی صحت و خوشحالی کے لیے دعائیں کی جاتی ہیں، عقیقہ کیا جاتا ہے اور عزیز و اقارب کو کھانے پر مدعو کیا جاتا ہے۔ روایتی طور پر لڑکے کے لیے دو اور لڑکی کے لیے ایک بکرے یا بھیڑ کی قربانی دی جاتی ہے، جس کا گوشت دوستوں اور مستحقین میں تقسیم ہوتا ہے۔
تقریب میں بچے کے سر کے بال اتارے جاتے ہیں، خواتین چراغ لے کر گہوارے کے گرد گیت گاتی ہیں جبکہ قریبی رشتہ دار زیورات اور تحائف پیش کرتے ہیں۔
جدید دور میں یہ روایت بدلتے ہوئے انداز کے ساتھ برقرار ہے۔ بڑے ہالز میں سجاوٹ، ساونڈ سسٹم، اور بچوں کے لیے خصوصی لباس و تحائف اس تقریب کا حصہ بن چکے ہیں، جبکہ ایونٹ مینجمنٹ کمپنیاں بھی ’’سَبعی‘‘ کی تقریبات منظم کرنے میں سرگرم ہیں۔
سعودی معاشرت میں ’’سَبعی‘‘ اور عقیقہ مذہب، روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج ہیں۔
