اسلام آباد (سحر نامہ نیوز) محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق سال 2025 کا دوسرا سورج گرہن رواں ماہ 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب وقوع پذیر ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کا آغاز 21 ستمبر کی رات 10 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ یہ گرہن بتدریج اپنے عروج کی جانب بڑھے گا اور 22 ستمبر کی رات 12 بج کر 42 منٹ پر اپنے نقطۂ عروج پر پہنچے گا۔ جزوی سورج گرہن کا اختتام رات 2 بج کر 55 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سورج گرہن پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے کسی بھی ملک میں نظر نہیں آئے گا، البتہ یہ مظاہرہ پیسیفک اور اٹلانٹک اوقیانوس، انٹارکٹیکا اور آسٹریلیا کے بعض حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سورج اور چاند کے اس طرح کے فلکیاتی مظاہر زمین کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے رونما ہوتے رہتے ہیں، تاہم ان کا انسانی صحت یا روزمرہ زندگی پر کوئی سائنسی اثر ثابت نہیں ہوا۔

