لندن (سحر نامہ نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لندن کے میئر صادق خان پر بلاجواز تنقید کے بعد میئر لندن نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے میں ٹرمپ کے دماغ میں بغیر کرایے کے رہتا ہوں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں صادق خان کو "خطرناک میئر" قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ لندن میں شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں۔
لندن کے پہلے مسلم میئر صادق خان نے ان ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات ان کی انتہاپسند سوچ، اسلام مخالف رویے اور نسل پرستی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن دنیا کے سب سے محفوظ اور متحرک شہروں میں سے ایک ہے، جہاں بڑی تعداد میں امریکی شہری بھی آباد ہیں اور مزید ہجرت کرکے آ رہے ہیں۔
صادق خان نے مزید کہا کہ ٹرمپ کا رویہ خواتین مخالف اور نفرت انگیز ہے جو ان کی شخصیت کی اصل حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔
دوسری جانب برطانوی لیبر پارٹی کے رہنماؤں نے بھی صادق خان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ رکن پارلیمان روپا حق نے صدر ٹرمپ کے الزامات کو "کھلا جھوٹ" قرار دیا جبکہ ایم پی روزینہ خان نے امریکی سفیر کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

